پاراچنار محاصرہ تاحال جاری، ضلع کرم میں پٹرول، ڈیزل کی شدید قلت
پاراچنار کا چار ماہ سے جاری محاصرہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث پورے ضلع کرم کو پٹرول ڈیزل کی شدید قلت کا سامنا ہے

شیعیت نیوز : ضلع کرم میں ہتھیاروں کی حوالگی پر ڈیڈ لاک برقرار ہے اور فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا الگ الگ طریقہ کار جمع کرایا ہے۔
حکومت نے اسلحہ جمع کرانے کے طریقہ کار پر غور شروع کر دیا ہے۔
کسی ایک طریقہ کار پر اتفاق نہ ہونے پر معاملہ گرینڈ جرگے میں جانے کا امکان ہے۔
گرینڈ جرگے نے جس طریقہ کار پر بھی فیصلہ دیا اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
پاراچنار میں راستوں کی طویل بندش کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت برقرار ہے۔
اپر کرم کے مختلف مقامات پر فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل 1200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
جبکہ ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
جس کے سبب لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ پیدل جانے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خدا کی زمین پر مستضعفین کی حاکمیت کا وقت قریب آ چکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
گزشتہ ایک ماہ سے پیٹرول اور ڈیزل کے دو درجن سے زائد ٹینکرز ہنگو میں روکے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ایندھن کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔
اس صورتحال کے باعث پاراچنار شہر میں پانی کی سپلائی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے، کیونکہ زیادہ تر پانی ٹینکرز کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔
ٹرانسپورٹ تنظیموں اور شہری عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ قافلے میں پیٹرول اور ڈیزل کے ٹینکرز کو شامل کر کے بحران کا فوری حل نکالا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔
کرم میں جاری کشیدگی کے باعث گزشتہ 5 ماہ سے آمد و رفت کے راستے بند ہیں، جس سے پانچ لاکھ سے زائد افراد محصور ہو چکے ہیں۔
خوراک اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث اب تک 220 بچوں سمیت 460 مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں۔