علامہ ساجد نقوی سے وزیر اعلیٰ جی بی کی ملاقات، خطے میں ترقی اور استحکام پر تبادلہ خیال
شیعیت نیوز : اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور سابق گورنر جی بی راجہ جلال حسین مقپون نے راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر ہاؤسنگ جی بی محمد علی قائد، اسلامی تحریک پاکستان کے ممبر جی بی اسمبلی محمد ایوب وزیری، اور اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اسلامی تحریک پاکستان کے اشتراک عمل میں اپنی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا اور گلگت بلتستان میں امن و امان، ترقیاتی کاموں اور دیگر حکومتی پالیسیوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے عوامی حقوق کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے کی رہنمائی کی اور جی بی کی تعمیر و ترقی میں اسلامی تحریک پاکستان کے باہمی کردار کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا اظہار تعزیت
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور سابق گورنر راجہ جلال حسین نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں گلگت بلتستان میں قیامِ امن کے لیے ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور ان کی ٹیم کی مسلسل سیاسی و مذہبی جدوجہد کو بھی سراہا گیا اور مستقبل میں اسلامی تحریک پاکستان کے اسی مؤثر کردار کو مزید آگے بڑھانے کی اپیل کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سے مشاورت کے بعد گلگت بلتستان کے لیے ایک جامع لائحہ عمل طے کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں امن و امان، لینڈ ریفارمز، سیاحت، بین الاقوامی پروازوں کی بحالی، اور انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔







