علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سندھ حکومت کی بربریت کی مذمت، شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پرامن دھرنوں میں شہید نوجوانوں نے پاراچنار کے مظلومین کے لیے اپنی جانیں دی۔ پولیس و رینجرز نے شرکاء پر فائرنگ کی، ملت جعفریہ سندھ حکومت پیپلزپارٹی کی اس بربریت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج کرم ایجنسی میں دہشتگردی کرنے والے عناصر کے خلاف تھا۔ پاراچنار میں انسانی المیہ کے خلاف، جہاں راستوں کی بندش، ادویات کی کمی کی وجہ سے معصوم بچے شہید ہوئے، ان مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر پرامن دھرنے دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن دھرنے دینے والوں پر دہشتگردی کی دفعات لگا دی گئیں، جس میں نابالغ بچے بھی شامل ہیں، پولیس اور رینجرز نے کس کے حکم پر شرکاء دھرنا پر گولیاں چلائیں۔ دو نوجوان شہید اور درجنوں عمائدین زخمی ہوئے، خواتین و بچوں پر لاٹھی چارج کیا گیا جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا وفد کے ہمراہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا دورہ
دریں اثناء علامہ راجہ ناصر عباس نے وفد کے ہمراہ پاراچنار کے عوامی دھرنوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دیے جانے والے کراچی دھرنوں میں سندھ حکومت کی ایماء پر ریاستی اداروں کے تشدد سے شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی، صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، رہنما مولانا حیات عباس نجفی، علامہ مبشر حسن، مولانا نشان حیدر، مولانا بلاول فائزی، مولانا غلام محمد فاضلی، مولانا گلزار شاہدی، مولانا موسیٰ، مولانا رضوان شاہد رضوی، علی احمر، آصف صفوی، رضی حیدر رضوی، علی نیئر، احسن عباس، عارف رضا، شعیب رضا سمیت دیگر رہنما و کارکنان ہمراہ تھے۔
وفد نے امروہہ سوسائٹی میں شہید شبیہ حیدر، ملیر محمد ڈیرہ میں شہید علی رضا رضوی کے گھر اہل خانہ سے تعزیت کی اور بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ وفد نے مقامی اسپتال اور ملیر جعفرطیار سوسائٹی میں موجود زخمیوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔







