کرم ایجنسی ملک کا حصہ نہیں بلکہ غزہ کا منظر پیش کر رہی ہے: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
کراچی میں دھرنے پر ریاستی طاقت کا بے جا استعمال جمہوری اقدار کی پامالی ہے: ایم ڈبلیو ایم
شیعیت نیوز: سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار غزہ کا منظر پیش کررہا ہے۔ حکمرانوں کی عدم توجہی نے کرم ایجنسی پاراچنار کے مسئلے کو سنگین بنا دیا ہے۔ مسلمان وہ ہوتا ہے جو ظلم دیکھ کر تڑپ اٹھے۔ پاراچنار کے عوام خوراک اور دیگر ضروری سہولتوں کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ محاصرے میں ادویات کی قلت اور سہولتوں کی کمی سے 130 سے زائد معصوم بچوں کی شہادت ہوچکی ہے اور زندگی مفلوج ہوچکی ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے پاراچنار کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دیئے گئے دھرنوں پر کراچی میں ریاستی طاقت کے بے جا استعمال، لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں شہریوں کے زخمی ہونے اور 2 معصوم افراد کی شہادت پر شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے نہتے شہریوں پر ظلم کر کے اپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری فکر و اقدار کو پامال کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی پابندیوں کے باوجود ایرانی تیل کی برآمدات جاری
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاراچنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے جا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ کرم ایجنسی ملک کا حصہ نہیں بلکہ فلسطین غزہ بن گئی ہے۔ لاکھوں کی آبادی محصور ہے، انسانی زندگیاں شدید خطرات سے دوچار ہیں، اور اشیائے خورونوش کی قلت سے انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
ضلع کرم میں شیعہ و سنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے۔ پاراچنار میں دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معاہدہ ہوچکا ہے، جس پر عمل درآمد کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ٹل پاراچنار روڈ کو بند کرنے کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع کرم میں مستقل امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
علامہ صاحب نے کہا کہ ضلع کرم کے عوام ان عناصر کا سماجی بائیکاٹ کریں جو امن کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پرامن دھرنے کے شرکاء پر بنائے گئے مقدمات واپس لیے جائیں اور بے گناہ افراد کو رہا کیا جائے۔