پاراچنار کے راستے کھولیں، انسانی جانوں کا تحفظ کریں، علامہ مقصود علی ڈومکی

18 دسمبر, 2024 12:53

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت، آرمی چیف، اور کور کمانڈر پشاور سے مطالبہ کیا ہے کہ پاراچنار میں خوراک و ادویات کی قلت اور راستوں کی بندش کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وہاں کا راستہ کھولا جائے۔ یہ بات انہوں نے میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ کے دورے کے دوران پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ضلعی رہنما اصغر حسینی، عبداللطیف کاندھڑو، اور دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں 7 لاکھ لوگوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ شدید قلت کی وجہ سے 32 معصوم بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ علامہ ڈومکی نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری اقدام کرتے ہوئے پاراچنار کے راستے کھولیں اور عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہراہ بلتستان پر جنازے اٹھاتے رہیں گے یا حکومت جاگے گی؟ : کاظم میثم

علامہ مقصود علی ڈومکی نے سندھ کے عوام کی مشکلات کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھو دریا پر نئے کینالز کی تعمیر پر عوام کو شدید اعتراضات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1991 کے پانی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئے کینالز کی تعمیر سندھ کے زیریں علاقے کو بنجر بنا دے گی اور زراعت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو پہلے ہی پانی کی قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث زرعی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔ پانی کی کمی کے سبب سندھو ڈیلٹا تیزی سے سکڑ رہا ہے، جس سے زراعت اور زرعی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ علامہ ڈومکی نے خبردار کیا کہ اگر وفاق نے سندھ کے تحفظات کو نظرانداز کیا تو اس کے نتیجے میں وفاق کے خلاف عوام میں نفرت پیدا ہوگی اور غربت و افلاس میں اضافہ ہوگا۔

12:25 شام اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔