پاراچنار میں قیام امن: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وزیر اعلیٰ کے پی کی اہم ملاقات
شیعیت نیوز: ضلع کرم خصوصاً پاراچنار میں قیام امن اور بنیادی انسانی ضروریات کی بروقت فراہمی کے سلسلے میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق، چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے باہمی گفتگو میں ضلع کرم میں قبائلی تنازعات کے مستقل حل، پائیدار امن کے قیام، سڑکوں و راستوں کی بحالی، بیماروں و زخمیوں کی پشاور و اسلام آباد منتقلی، ادویات و اشیائے ضروریہ کی فوری فراہمی، اور فضائی سفری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ریاست سنجیدہ نہیں، انجینئر حمید حسین
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاراچنار کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لائے گی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت نہیں برتی جائے گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت شہداء کے اہل خانہ کی بحالی کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے، زخمیوں کے مکمل علاج معالجے کے لیے سرکاری اخراجات پر سہولیات فراہم کرے، اور تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو کو یقینی بنائے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے علامہ راجہ ناصر عباس کے ان مطالبات پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے لیے نقد امداد، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، اور تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو کے لیے خصوصی اقدامات کا وعدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قومی وحدت و اخوت کے قیام، حقیقی جمہوری جدوجہد، اور عوامی حقوق کی بحالی کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی حکومت کی جانب سے جان بچانے والی ادویات کی پشاور سے پاراچنار ترسیل کے لیے وزیر اعلیٰ کے خصوصی ہیلی کاپٹر کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ضلع کرم میں درپیش مسائل کے دیرپا حل کے لیے کے پی حکومت آئندہ بھی اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرے گی







