پارا چنار میں وفاقی و صوبائی حکومت امن کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے، ملی یکجہتی کونسل
آن لائن اجلاس سے خطاب میں صدر کونسل صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ دینی مدارس رجسٹریشن قانون سازی پر تنازع تشویش کا باعث ہے
شیعیت نیوز : ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت صدر ملی یکجہتی کونسل ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی گلزار نعیمی، قاری یعقوب شیخ، سید ناصر عباس شیرازی، سید اسدعباس نقوی شریک ہوئے۔
سید لطیف الرحمن شاہ، قاضی ظفرالحق، فرحان شوکت ہنجرا نے بھی شرکت کی۔
صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ دینی مدارس رجسٹریشن قانون سازی پر تنازع تشویش کا باعث ہے۔
تمام رجسٹرڈ وفاقی بورڈ اور اتحاد دینیہ مدارس کے قائدین مشترکہ اجلاس پر اکھٹے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی قیادت، علماء آپسی انتشار سے بچیں، مشرق وسطی کی صورتحال پورے خطے کیلئے تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی بڑی کامیابی، پہلا طیارہ بردار بحری جہاز سمندر میں اتار دیا
پاکستان سعودی عرب، ترکی، افغانستان، ایران خطے کے اہم ممالک ہیں۔
مشترکہ حکمت عملی اپنانے کیلئے اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔
اس موقع پر خطاب میں سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرم ایجنسی میں سیزفائر کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
کرم پارا چنار میں وفاقی و صوبائی حکومت امن کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ شام میں تبدیلی کے بعد حکمران غزہ فلسطین کی آزادی کو ترجیح اور حمایت جاری رکھیں۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان دینی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کرے گی۔