پارہ چنار روڈ کھولیں، لوگ مر رہے ہیں، انجینئر حمید حسین کا قومی اسمبلی میں خطاب

11 دسمبر, 2024 21:00

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے قومی اسمبلی کے فلور پر حکومت کو ضلع کرم کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انجینئر حمید حسین نے کہا کہ میں قومی اسمبلی کے ہر سیشن میں حکومت سے درخواست کرتا رہا ہوں کہ خدارا میرے حلقے پر رحم کیا جائے۔ پاراچنار جانے والے راستے کی بندش کے باعث علاج معالجے کی سہولیات اور جان بچانے والی ادویات کی قلت نے سینکڑوں جانیں لے لی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورد و نوش کی بھی شدید قلت ہے، جس کے باعث علاقے کے عوام انتہائی پریشان ہیں۔ دہشت گردوں کا قبضہ ہونے کے باوجود ریاست بے بس نظر آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر قانون کا خیبرپختونخوا حکومت کو پاراچنار مسئلے پر فوری اقدامات کا مطالبہ

انجینئر حمید حسین نے شکایت کی کہ جب بھی وہ حکومت سے پاراچنار روڈ کھولنے کی بات کرتے ہیں، جواب ملتا ہے کہ یہ صوبائی مسئلہ ہے، وفاقی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے نمائندے ہیں اور وفاق کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس معاملے کو حل کرے۔

انہوں نے کانوائے سسٹم کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت لوگوں کو قطاروں میں لے جانا خطرناک ہے، اور دہشت گردوں کے حملوں کی وجہ سے مزید جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورۂ پاراچنار کو روکنے کے لیے جان بوجھ کر راستے میں فائرنگ کروائی گئی تاکہ وہ علاقے کا دورہ نہ کر سکیں۔

انجینئر حمید حسین نے کہا کہ ضلع کرم میں شیعہ سنی لڑائی کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، جو حقیقت نہیں بلکہ لوگوں کو لڑانے کی سازش ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ پاراچنار کا راستہ کھول کر عوام کو مشکلات سے نجات دلائی جائے۔

3:28 صبح اپریل 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔