پاکستان کے پاراچنار میں شیعہ نسل کشی پر مجلس علمائے ہند کی مذمت

24 نومبر, 2024 19:18

شیعیت نیوز : مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے پاکستان کے پاراچنار میں جاری شیعہ نسل کشی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اقلیتی طبقے کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ پاراچنار میں جس طرح علی الاعلان عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیا گیا ہے، وہ پاکستان میں دہشت گردی کے عروج کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی پر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہندوستان کے مسلم ادارے اور علماء بھی اس ظلم پر خاموش ہیں، جو لائق مذمت ہے۔

مولانا نے کہا کہ پاراچنار میں عورتوں اور شیرخوار بچوں کے قتل عام نے یزیدی فرقے کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیعہ علماء کونسل کراچی کی جانب سے “حمایت مظلومین جہاں” کانفرنس کا انعقاد

امام جمعہ لکھنؤ نے کہا کہ پاکستان میں یزیدیت کے پیروکار موجود ہیں، جو مسلسل دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہے، یہی وجہ ہے کہ حفاظتی عملے کی موجودگی میں شیعوں کا قتل عام کیا گیا۔

مولانا کلب جواد نقوی نے حقوق انسانی کے عالمی اداروں، خاص طور پر اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ پاکستان میں شیعوں کی نسل کشی کا احتساب کیا جائے اور پاکستانی حکومت پر اس جرم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں شیعوں کے تحفظ کے لیے حقوق انسانی کے عالمی ادارے فوری طور پر موثر اقدامات کریں اور اقوام متحدہ اس واقعے کے مجرموں کو سزا دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مولانا کلب جواد نقوی نے اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں ہونے والے تشدد کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ سنبھل میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے۔ سروے کا کام عدالتی نگرانی میں امن کے ساتھ ہونا چاہیے۔

مولانا نے کہا کہ تشدد میں انسانی جانوں کا نقصان افسوسناک ہے، اور اتر پردیش حکومت اور ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر امن بحالی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے تشدد کو ہوا دی ان پر سخت قانونی کارروائی ہو اور بے گناہوں کو انصاف ملنا چاہیے۔

مولانا نے مزید کہا کہ کچھ عناصر اتر پردیش میں امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔

8:21 شام مارچ 20, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔