سانحہ پاراچنار: ملکی سلامتی پر حملہ ہے، مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے ترجمان محمد اشرف صدا
مذہب کے نام پر دہشت گردی: حکومتی ناکامی اور اتحاد کی ضرورت پر زور

شیعیت نیوز: مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے ترجمان اور سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد اشرف صدا نے کہا ہے کہ سانحہ پاراچنار ملکی سلامتی پر حملہ ہے، بے گناہ مسافروں کا قتل عام انسانیت اور قانون کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔ آئے روز کی دہشت گردی ملکی سلامتی کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔ گنڈا پوری حکومت مکمل ناکام ہو چکی، حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ بے گناہ مسافروں کی شہادت سے پورا ملک ہل کر رہ گیا ہے، اور ملک کی اہل تشیع برادری شدید برہم و عدم تحفظ کا اظہار کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فوجی حفاظت میں قافلوں پر دہشتگرد حملے سوالیہ نشان ہے، علامہ محمد افضل حیدری کا شدید ردعمل
محمد اشرف صدا نے کہا کہ بظاہر اس درندگی سے ایک ہی فرقہ متاثر ہوا ہے لیکن ہم اس حملے کو ملکی سلامتی اور تمام پاکستانیوں پر حملہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے پر ہم سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے کہ یہ صوبائی حکومت کی ناکامی ہے یا وفاق کی؟ ہم سمجھتے ہیں کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، مسلح افواج، اور تمام سیکیورٹی ادارے مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کریں اور اس طرح کے قبیح واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
مذہب کے نام پر ملکی سلامتی سے کھلواڑ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے، اور اس نے وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک طرف روزانہ کی بنیاد پر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف عام بے گناہ افراد شہید ہو رہے ہیں۔ کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وطن عزیز میں سیکیورٹی اداروں سے زیادہ دہشت گرد طاقتور ہیں۔
محمد اشرف صدا نے کہا کہ لگتا ہے کہ ملک کو ایک بار پھر فرقہ واریت اور دہشت گردی کی آگ میں دھکیلنے کی سازش ہو رہی ہے۔ تاہم ہمارا یقین اور ایمان ہے کہ ریاست ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ بحیثیت قوم ہمیں دشمنوں کے ارادوں اور سازشوں کو بھانپتے ہوئے ملی اتحاد، یکجہتی، صبر، اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور ملکی سلامتی و استحکام اور باہمی اخوت و بھائی چارگی کے لیے متحد رہنا ہوگا۔ قومی و ملی تقسیم کا فائدہ ہمیشہ مشترکہ دشمن اٹھاتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ سانحہ پاراچنار نے انسانیت کی روح کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ ہم اس المناک واقعے کی نہ صرف پرزور مذمت کرتے ہیں بلکہ ملوث ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے اور آئندہ ایسے واقعات کی بروقت روک تھام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔