پاکستانی زائرین کے لیے خوشخبری، عراق میں سہولتوں میں اضافہ
شیعیت نیوز:
عراق میں پاکستانی سفیر محمد ذیشان احمد نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ زائرین کی بہتر مینجمنٹ کے لیے وفاقی کابینہ نے اپریل 2021 میں ایک پالیسی منظور کی تھی جس کا مقصد پاکستانی زائرین کو زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور اور عراق کی وزارت مذہبی امور کے مابین ایم او یو (مفاہمت کی یادداشت) کا ڈرافٹ وزارت خارجہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے عراق کی حکومت کے ساتھ جلد از جلد ایم او یو پر دستخط کرنے کی ہدایت کی تاکہ پاکستانی زائرین کو عراق میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا قم میں مدرسہ امام خمینیؒ کا دورہ
وفاقی وزیر نے کربلا میں پاکستان ہاؤس اور وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹوریٹ کا قیام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم، صفر اور اربعین جیسے اہم ایام میں پاکستانی زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستانی سفیر محمد ذیشان احمد نے عراق میں پاکستانی ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ زائرین کی خدمت اور سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔







