ایرانی نائب صدر کا سعودی عرب دورہ: او آئی سی اجلاس میں اسرائیل مخالف قرارداد منظور
شیعیت نیوز: ایرانی نائب صدر رضا عارف سعودی عرب کے ایک روزہ دورے کے بعد تہران واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ریاض میں او آئی سی اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔
او آئی سی اجلاس کے حوالے سے رضا عارف نے کہا کہ ایران کی درخواست پر ہونے والے اس ہنگامی اجلاس میں اسلامی ممالک کے درمیان اسرائیل کے خلاف ہماہنگی کا مظاہرہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد اسلامی اور عرب ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ سعودی عرب نے میزبانی کا کردار بخوبی نبھایا۔ یہ اجلاس دنیا کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ مشکل وقت میں مسلمان ممالک کے درمیان اتحاد برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اور شام کی اعلی سطحی ملاقات: خطے میں صیہونی جارحیت کے خلاف عزم کا اعادہ
اجلاس کے اختتام پر صہیونی حکومت کے خلاف ایک اہم قرارداد منظور کی گئی۔ رضا عارف کے مطابق، دنیا اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ صہیونی حکومت کو سزا دی جانی چاہئے اور غزہ و لبنان میں جنگ بندی کے ساتھ امدادی سلسلے کا فوری آغاز ہونا چاہئے۔
ایرانی نائب صدر نے مغربی ممالک کی منافقانہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ان کے انسانی حقوق کے جھوٹے نعروں سے آگاہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور غزہ میں ہزاروں بے گناہ افراد کے قتل عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔







