ڈیرہ اسمٰاعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کا حملہ
شیعیت نیوز : ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسمٰاعیل خان کے علاقے درازندہ میں ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا۔
شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
شہدا میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمٰن، سپاہی اخونزادہ اور سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب نے جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : رہبر انقلاب اسلامی کا حزب اللہ کے رہنما سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر پیغام تعزیت
زخمی ایف سی اہلکار نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ اسمٰاعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ایف سی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ایف سی دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے اور قیام امن کے لئے پر عزم ہے۔
شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات میانوالی کے علاقے ملاخیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد لشکر جھنگوی کے 10دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔







