منتخب نمائندوں سے نشستیں چھیننا تشویش ناک ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا الیکشن کمیشن پر شدید ردعمل

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایک اہم پریس کانفرنس میں این اے 37 ضلع کرم کے ایم این اے انجینئر حمید حسین کی نشست کے دوبارہ ری کاؤنٹنگ کیس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیٹوں کو عدالتی طریقوں سے چھیننے کی سازش قابل مذمت ہے اور اس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ دنیا کے مہذب ممالک عوامی رائے کے ذریعے حکومت کرتے ہیں، لیکن پاکستان میں الیکشن کے بعد بحرانوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر حمید حسین کو عوامی مینڈیٹ کے باوجود شکست دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو عوامی اعتماد کی توہین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران بوگس ہیں اور عوام انہیں قبول نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصر عباس زمانہ طالبعلمی کے عزیز دوست کی جدائی پر دکھی ہیں
ایم این اے انجینئر حمید حسین نے اس موقع پر کہا کہ وہ ضلع کرم کا پہلا ممبر ہیں جنہیں تمام طبقات نے ووٹ دیا، لیکن ان کی واضح برتری کے باوجود ان کے نتائج میں تاخیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے سپریم کورٹ میں کیس لے جانے کی کوششیں علاقے کے امن و امان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 3 اکتوبر کو کیس کی سماعت ہوگی، لیکن عوامی مینڈیٹ چھیننے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
۔