حکومت آئین میں سب سے بدترین ترامیم کرنے جا رہی ہے، اسد قیصر
ہم ان جعلی ترامیم اور عدلیہ پر حملے کے خلاف پارلیمان اور عوام دونوں میں بھرپور مزاحمت کریں گے، رہنما ہی ٹی آئی

شیعیت نیوز : پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ حکومت عدلیہ کو کنٹرول کرنے کے لیے پارلیمانی روایات کو پیروں تلے روند رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت تاریخ کی بدترین آئینی ترامیم کرنے جا رہی ہے اور اپنے اتحادیوں سے بھی ترامیم کا مسودہ چھپا رہی ہے۔
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی روایات کے مطابق ماضی میں صرف عوامی مفاد کے لیے آئین میں ترامیم کی گئی ہیں، مگر جعلی حکومت صرف اپنا ناجائز مینڈیٹ بچانے کے لیے پارلیمان کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس آئینی ترامیم کے لیے دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شیعہ لاپتہ عزاداروں کی بازیابی کے لیے احتجاج
پی ٹی آئی رہنما نے الزام لگایا کہ حکومت ہمارے ارکان کو اغوا کرکے اور دباؤ میں لا کر دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ان جعلی ترامیم اور عدلیہ پر حملے کے خلاف پارلیمان اور عوام دونوں میں بھرپور مزاحمت کریں گے۔