سیکیورٹی فورسز کی وادی تیراہ میں کارروائی، 12 خارجی ہلاک
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس میں 12 خوارج ہلاک ہو گئے۔

شیعیت نیوز : پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اگست 2024 سے سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس میں 12 خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20 اگست سے اب تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 37 دہشت گرد ہلاک اور 14 زخمی ہو چکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہیں گے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی
واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں آپریشن کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ کارروائی کے دوران 11 زخمی ہو گئے تھے۔