دشمن اپنے قیدیوں کے انجام کا خود ذمہ دار ہے، ابو عبیدہ
ابو عبیدہ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ غزہ میں صہیونی قیدیوں کی حفاظت کرنے والے دو محافظوں کی طرف سے فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات ہوئے ہیں۔

شیعیت نیوز: تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان نے صہیونی قیدیوں کے قتل کی تحقیقات کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ صہیونی دشمن اپنے قیدیوں کے انجام کا مکمل ذمہ دار ہے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ دشمن کے ایک قیدی کے اس کے محافظ کے ہاتھوں قتل کی تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ یہ انتقامی واقعہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دو بچوں کی شہادت کی خبر ملنے کے بعد قیدیوں کے محافظ نے ایک قیدی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور یقیناً یہ ہمارے اصولوں کے خلاف تھا۔
ابو عبیدہ نے زور دیا کہ مذکورہ واقعہ اسیروں کے ساتھ رویے میں ہماری اخلاقیات اور دینی تعلیمات کے خلاف ہے اور دو واقعات کے رونما ہونے کے بعد اب سے ہم قیدیوں کے تحفظ میں مزید سختی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی جوابی حملے میں صیہونی فوجی اڈہ تباہ
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صہیونی دشمن قیدیوں کے انجام اور ان کے ساتھ پیش آنے والے تمام واقعات کا ذمہ دار ہے کیونکہ دشمن نے انسانیت کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل عام کیا ہے۔
ابو عبیدہ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ غزہ میں صہیونی قیدیوں کی حفاظت کرنے والے دو محافظوں کی طرف سے فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا: دو الگ الگ واقعات میں دشمن کے قیدیوں کی حفاظت پر مامور دو اہل کاروں نے ایک صہیونی قیدی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور دو خواتین صہیونی قیدی شدید زخمی ہو گئیں جن کی جان بچانے کی کوشش جاری ہے۔