ایران کی مسلح افواج جارحین کے خلاف مکمل طاقت اور عزم کے ساتھ جواب دیں گی، ایرانی وزارت خارجہ
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اب وقت ہے وطن کا دفاع کرنے اور دشمن کی فوجی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا۔ جیسے ہم مذاکرات کے لیے تیار تھے، اسی طرح ہم ایران کی سالمیت کے دفاع کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج جارحین کے خلاف مکمل طاقت اور عزم کے ساتھ جواب دیں گی۔
مزید کہا گیا کہ “اسرائیل” اور امریکہ کی جانب سے ایران پر کیے گئے فضائی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2(4) کی خلاف ورزی اور ایران کے خلاف واضح مسلح جارحیت ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اس جارحیت کا جواب دینا ایران کا قانونی اور جائز حق ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں بیان کیا گیا ہے، اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اس مجرمانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے اور دشمن کی شرارت کو ناکام بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کا استعمال کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی میزائل حملہ، الخلیل کے جنوب میں صہیونی بستی اور فوجی کیمپ نشانے پر
ایران نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو اس بات کی یاد دہانی کروائی کہ امریکا اور “اسرائیل” کی جانب سے کھلی فوجی جارحیت کے نتیجے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کرنا ان کی سنگین ذمہ داری ہے۔ ایران نے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل کے صدر، اور اراکین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض جلد از جلد پورے کریں۔







