اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

امریکہ میں اسرائیلی جرائم کےخلاف خودسوزی کرنے والے فوجی کی یادمیں مظاہرے

شیعیت نیوز: امریکی فضائیہ کے ایک 25 سالہ فوجی افسر "آرون بشنیل Aaron Bushnell” نے امریکہ کی طرف سے غزہ پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والی اسرائیلی حکومت کی حمایت کے خلاف گزشتہ اتوار کو واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے خود کو آگ لگا لی تھی۔

آرون بشنیل کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن پیر کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والے بشنیل کی خودسوزی کے ایک ویڈیو میں بشنیل نے کہا کہ "وہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی میں مزید حصہ نہیں لے گا۔”

یہ بھی پڑھیں:غزہ پرحملے کی مخالفت میں خود سوزی کرنے والا امریکی فوجی دم توڑ گیا

المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس میں اسرائیلی قونصل خانے کے سامنے لوگوں نے فلسطین کی حمایت میں خود سوزی کرنے والے امریکی فوجی افسر "آرون بشنیل” کی یاد میں مظاہرہ کیا۔

ادھر ٹی وی چینل "فاکس 5” نے واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے امریکی فضائیہ کے افسر کی خود سوزی کے مقام پر فلسطینی حامیوں اور دیگر افراد کے اجتماع کی خبر دی ہے۔

مذکورہ دونوں چینلوں نے ان مظاہروں کے ویڈیو بھی نشر کئے ہیں۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت 7 اکتوبر 2023 سے امریکہ اور مغربی ممالک کی مکمل حمایت اور مدد سے فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام کے خلاف غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔

دریں اثنا فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اب تک تقریباً 30 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں 70 ہزار کے قریب فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button