پاکستان کی اہم خبریں

لاپتہ افراد کو قتل کرکے مچھ میں ہلاک دہشتگرد ظاہر کیا گیا، بلوچ یکجہتی کمیٹی کا الزام

شیعیت نیوز: بلوچ یکجہتی کمیٹی کا الزام ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے اغواء ہونے والے افراد کو قتل کرکے مچھ میں ہلاک دہشتگرد ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال کوئٹہ میں گزشتہ روز 6 افراد کی لاشیں لائی گئی تھیں۔

جن میں سے 4 لاشوں کی شناخت ہوگئی۔

اس حوالے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مذکورہ لاشیں لاپتا افراد کی تھیں، جن کے نام ہماری فہرستوں میں تھے۔

مچھ واقعے کے بعد افراد کی ایسی لاشیں لائی گئی ہیں، جن میں سے 4 لاشوں کو ان کے لواحقین نے شناخت کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان میں تھانے پر حملہ، 10 اہلکار شہید

ماہ رنگ بلوچ نے الزام عائد کیا کہ یہ افراد پہلے سے ریاستی اداروں کے ہاتھوں جبری طور پر گمشدہ تھے۔

جبکہ ایک لاش کے حوالے سے بھی ہمیں خدشہ ہے کہ وہ بھی جبری گمشدگی کے شکار تھا۔

جن چار لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے ان میں بشیر احمد مری ولد حاجی خان اور ارمان مری ولد نہال خان مری کو 2 جولائی 2023 کو جبری طور پر اٹھایا گیا تھا۔

تیسرا شخص صوبیدار ولد گلزار خان ہرنائی بازار سے 9 ستمبر 2023 کو جبری گمشدہ کیا گیا تھا۔

جن کے لواحقین نے اسلام آباد دھرنے میں بھی شرکت کرتے ہوئے ان کی بازیابی کا مطالبہ کیا تھا اور چوتھی لاش کی شناخت شکیل احمد ولد محمد رمضان سکنہ زہری کے نام سے ہوئی۔

جن کے خاندان کے مطابق انہیں 4 جون 2023 کو جبری گمشدہ کیا گیا تھا۔

ماہ رنگ بلوچ کا کہنا ہے کہ ان کے جبری گمشدگی کے تمام تر ثبوت موجود ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button