پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپیں: افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا فیصلہ کن جواب، 133 طالبان ہلاک، متعدد پوسٹس تباہ
شیعیت نیوز : افغان طالبان نے ایک بار پھر سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کے غضب للحق کے تحت آپریشن میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اب تک 133 افغان طالبان ہلاک اور 200 سے زائد کارندے زخمی ہیں، جبکہ متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا جا چکا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں بتایا کہ افغان طالبان رجیم نے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ فضائی حملوں میں کابل میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قندھار میں فضائی حملے کے دوران ایک کور ہیڈ کوارٹر اور ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
افغان صوبے ننگرہار میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے ایک بڑا ایمونیشن ڈپو تباہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی شہدا کی تعداد 72,073 ہزار تک پہنچ گئی، وزارت صحت
مزید بتایا گیا کہ پکتیا میں ہونے والی کارروائی میں ایک کور ہیڈ کوارٹر کو بھی مؤثر فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان نے جنوبی وزیرستان کے مقابل افغانستان کے پکتیا کے علاقے میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا جھنڈا لگا دیا۔ قبضے میں آنے والی پوسٹوں میں دو شوال کے مقابل، دو انگور اڈہ کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل میں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر کارروائی کے دوران انگور اڈہ کا افغانی ٹرمینل بھی تباہ کر دیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے پاک افغان سرحد پر خوست میں افغان طالبان کی متعدد اہم پوسٹس کو مکمل تباہ کر دیا، پاکستان کی فیصلہ کن کارروائی کے بعد افغان طالبان فوج نے متعدد بار پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرایا۔
سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان فورسز کو آرٹلری اور کوارڈ کاپٹر کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔







