اہم ترین خبریںپاکستان

آئین پر عملداری کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں،علامہ ساجد علی نقوی

 شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ اسلامی دنیا میں پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے۔
جنہوں نے مغربی جمہوریت کے اصول کو اپنایا، مگر افسوس آج تک پاکستان میں ہونیوالے انتخابات پر کہیں نہ کہیں شک و شبہات کا سایہ رہا تو کہیں دھاندلی اور دھند کے سائے رہے۔
آج بھی کہیں لیول پلینگ فیلڈ کا نوحہ گونجتا ہے جبکہ دوسری طرف توازن کی پالیسیوں نے شرپسندوں اور امن پسندوں کو بھی ایک قطار میں کھڑا رکھا ہے۔
یہی عوامل ہیں کہ آج تک آئین کی بالادستی قائم ہوئی نہ قانون کی حکمرانی۔ ترقی، خوشحالی کیلئے معاشی استحکام کیلئے داخلی و جمہوری استحکام کا اصول لازم ہے۔

شہری آزادیوں میں سرفہرست ووٹر کی آزادی، بنیادی انسانی حقوق اور انتخاب کی چوائس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے7 دسمبر نیشنل ووٹر ڈے پر اپنے پیغام میں کیا۔

ایس یو سی پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مغربی جمہوریت کے اصول کو اسلامی دنیا نے نظام شوریٰ کے حوالے سے اپنایا.

اور اس جمہویرت کو اسلامی دنیا میں جن ممالک نے سب سے پہلے حق حکمرانی کیلئے بہتر تصور کیا۔
ان میں پاکستان سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔ مغربی جمہوریت کا سب سے بنیادی اصول بنیادی انسانی حقوق، مکمل شہری آزادیاں اور آزادی اظہار رائے نمایاں ہیں۔
البتہ ان اصولوں کو پاکستان کے پیرائے میں دیکھا جائے تو آج تک کیا ووٹر (شہری) کو مکمل شہری آزادیاں حاصل ہوئیں۔
جب بھی الیکشن ہوئے کبھی دھاندلی زدہ قرار دیئے گئے تو کبھی انجینئرڈ الیکشن کی اصطلاح متعارف ہوئی
اور کبھی لاڈلہ پن اور کبھی قبل از وقت انتخابات کی دھاندلی کے الزامات کیساتھ دھند کے سائے۔
مگر آج کہیں لیول پیلئنگ فیلڈ کا نوحہ گونج رہا ہے، دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ توازن کی پالیسیوں کے سبب شرپسند پسندوں اور امن پسندوں کو ایک قطار میں کھڑا کر دیا گیا تو کیا ایسے میں ووٹرز کو آزادی کے ساتھ چنائو کا حق ملے گا؟
یا پھر مزید الجھنیں پیدا ہونگی؟
آج تک ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کی راہ میں اگر کوئی بڑی رکاوٹ (تراڑ) آئی تو وہ یہی پالیسیاں رہیں۔
جب تک آئین کے تحت اور قانون کی عملداری کیساتھ شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں ہوگا، پائیدار جمہوریت، ووٹر کو صحیح معنوں میں حق رائے دہی ایک خواب رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button