اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

فلسطینیوں کی حمایت قومی کرکٹر اعظم خان کا جرم بن گیا

اعظم خان کو ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانہ

شیعیت نیوز: فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنا قومی کرکٹر اعظم خان کا جرم بن گیا۔

ملکِ پاکستان میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اعظم خان پر دورانِ میچ بلے پر فلسطینی جھنڈے کا سٹیکر لگانے پر  پی سی بی نے میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔

لاہور بلوز کی خلاف کھیلتے ہوئے اعظم خان کو امپائرز کی جانب سے بلے سے سٹیکر اتارنے کو کہا گیا پر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

 جس پر انہیں جرمانے کے ساتھ تنبیہ کی گئی کہ اگر وہ دوبارہ ایسا کریں گے تو انہیں معطل کر دیا جائے گا۔

اعظم خان کو کپڑوں اور سازوسامان کے ضوابط کی خلاف ورزی اور سیاسی پیغام کی نمائش پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی وائٹس کے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو سٹیکر کا استعمال جاری رکھنے کی صورت میں معطلی کی تنبیہ بھی کی ہے۔

 خیال رہے کہ پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کھلاڑی کٹ یا سامان پر غیر منظور شدہ سٹیکر نہیں لگا سکتے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں حمایت فلسطین ریلیاں ،کون خاموش رہا؟

کھلاڑی میچ کے دوران مذہبی اور سیاسی پیغام کے سٹیکر بھی نہیں آویزاں کر سکتے۔

میچ ریفری نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر اعظم خان کے خلاف کارروائی کی۔ قومی کرکٹر اعظم خان اس سے قبل بھی میچوں میں بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگا کر کھیل چکے ہیں۔

بظاہر قواعد و ضوابط سے ناآشنا سوشل میڈیا صارفین اعظم خان پر جرمانہ عائد کرنے کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔

ایسے ہی چند صارفین کا کہنا ہے کہ ’اعظم خان پر جرمانہ عائد کرنا صحیح نہیں بلکہ پاکستان کو کھل کر فلسطین کی حمایت کرنی چاہیے۔ ‘

ایک صارف سردار ریاض الحق کا کہنا تھا ’کوئی فرق؟ انڈیا والوں نے تماشائی کو پکڑا اور پاکستانی پی سی بی نے اپنے کھلاڑی کو ہی جرمانہ کر دیا۔

انڈیا تو ہے ہی اسرائیلی کلب میں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا دم کیوں نکلا جا رہا ہے۔‘

اسی طرح علیزے نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’اگر فلسطین کا ساتھ دینا جرم ہے تو اعظم خان اکیلے نہیں ہم سب کو جرمانہ دینا ہو گا۔ اعظم خان کے لیے عزت۔

متعلقہ مضامین

Back to top button