اہم ترین خبریںلبنان

جنگ کا دائرہ مزید نہ پھیلنےکی کوئی ضمانت نہیں دے سکتے، شیخ نعیم قاسم

شیعیت نیوز: حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ جب تک غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت جاری ہے ہم جنگ کا دائرہ مزید نہ پھیلنے کی کوئی ضمانت فراہم نہیں کر سکتے۔

شیخ نعیم قاسم جنوبی لبنان اور غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف اسلامی مزاحمت کی جدوجہد کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ طوفان الاقصی ایک عظیم فوجی آپریشن ہے جو تاریخ میں جاوادنہ رہے گا اور اسلامی مزاحمت کا ایک عظیم کارنامہ شمار کیا جائے گا۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ دنیا میں اسلامی مزاحمت کا مقام بڑھنے کے ساتھ ساتھ غاصب صیہونی حکومت کا حقیقی اور وحشی چہرہ بھی دنیا والوں کیلئے عیاں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’صیہونی دشمن غزہ میں مجرمانہ اقدامات انجام دے کر دو مقصد حاصل کرنے کے درپے ہے: ایک فلسطینیوں اور ان کے حامیوں کو رعب اور وحشت کا شکار کرنا اور دوسرا ملت فلسطین کو اسلامی مزاحمت سے جدا کرنا۔ لیکن غاصب صیہونی حکومت کے یہ جرائم، فلسطینی قوم کو پہلے سے زیادہ مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے کیلئے پرعزم کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں : لبنان کی اسلامی استقامت حزب اللہ کا صیہونی فوجیوں کے اجتماع پر شدید حملہ

ڈپٹی سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان نے کہا کہ ’’طوفان الاقصی آپریشن کے نتائج اس کے اختتام پذیر ہونے سے پہلے ہی واضح ہو چکے ہیں اور اسلامی مزاحمت نے اس آپریشن میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ بہت عظیم ہیں۔ جب تک اسلامی مزاحمت اسی طرح ثابت قدم اور پائیدار رہے گی اسرائیل اور اس کے اتحادی اور حامی بھی ایسے ہی شکست کا شکار ہوتے رہیں گے۔‘‘

شیخ نعیم قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل خطے اور پوری بشریت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے لیکن جس طرح اسلامی مزاحمت کی راہ ہموار ہوتی جا رہی ہے اسی طرح صیہونی مجرم بھی زوال پذیر ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے صیہونی دشمن کے خلاف حزب اللہ لبنان کی شدید کاروائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’حزب اللہ فلسطین کی راہ میں مزاحمت کا اٹوٹ انگ ہے اور صیہونی دشمن کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے۔ حزب اللہ نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اس راستے میں بڑی تعداد میں شہید پیش کر چکی ہے۔‘‘

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ فلسطین میں اسلامی مزاحمت کے بارے میں ہماری معلومات کے مطابق فلسطینی مجاہدین طویل عرصے تک دشمن کے خلاف میدان جنگ میں حاضر رہنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنا کوئی ہدف حاصل کرنے کی طاقت نہیں رکھتی اور مزاحمت کی کامیابی یقینی ہے۔

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے جنگ کا دائرہ نہ پھیلانے کا مطالبہ کرنے کی بجائے غزہ پر جارحیت رکوائیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک غزہ کے عوام پر جارحیت جاری ہے جنگ کا دائرہ پھیل جانے کا امکان پایا جاتا ہے اور ہم جنگ کو پھیلنے سے روکنے کی گارنٹی نہیں دیں گے۔

شیخ نعیم قاسم نے بحیرہ احمر میں یمن کی مسلح افواج کی جانب سے اسرائیلی جہاز پر قبضہ کرنے کے عمل کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ عمل شجاعانہ ہے جو ثابت کرتا ہے کہ امت مسلمہ کے پاس بہت وسائل ہیں جن کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انصاراللہ یمن کی جانب سے اسرائیلی جہاز پر قبضہ صیہونیوں کی معیشت پر بہت بڑا وار ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button