فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر احمد بحر شہید ہوگئے

شیعیت نیوز: غزہ میں تحریک حماس کے ایک اہم رہنما اور فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر احمد بحر غزہ پٹی پر بمباری کے نتیجے میں شہید ہو گئے ہیں۔
اسپتنک کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی میڈیا نے غزہ میں فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر احمد بحر کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔ وہ غاصب اسرائیلی حکومت کی فوج کے حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پٹی میں واقع المعمدانی اسپتال پر بمباری کی ہے۔ اس بمباری سے ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کی ابھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
دریں اثنا، فلسطینی شہاب خبر رساں ایجنسی کے نامہ نگار نے بھی غزہ میں 120 افراد کی شہادت کی خبر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکن نیشنل بک ایوارڈز جیتنے والے اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج
دوسری جانب غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے تینتالیسویں دن بھی جاری ہیں جن میں اب تک مزید دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے تینتالیسویں دن غزہ میں الوفا اسپتال کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں اس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر مدحت محیسن سمیت کئی افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
اسی اثنا میں غزہ کے الاقصی اسپتال کے ترجمان نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ اب تک غزہ پر صیہونی وحشیانہ حملوں میں دو سو سے زائد طبی عملے کے افراد شہید اور ساڑھے چار سو سے زائد دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا جس کے جواب میں جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو نے غزہ کے اندر اور باہر صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے جنوب میں واقع حی الزیتون نامی علاقے میں صیہونی فوجی ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔