مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوج کی غزہ کے مختلف علاقوں پر جارحانہ کارروائی ، درجنوں شہید اور زخمی

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں پر جارحانہ کارروائی کرکے درجنوں فلسطیینیوں کو شہید اور بڑی تعداد میں نہتے فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے۔

صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے غزہ کے مرکزی علاقے میں النصیرات کیمپ کے ایک گھر پر وحشیانہ بمباری کی جس میں کم سے کم اٹھارہ عام فلسطینی شہری شہید ہوگئے جن میں زيادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

اسرائیلی فوجیوں نے اس طرح ایک اور جارحانہ کارروائی میں جنوبی غزہ کے ایک گھر پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں دس فلسطینی شہید ہوگئے۔ یہ بمباری جنوبی غزہ میں واقع خان یونس کے علاقے القرارۃ میں ایک رہائشی عمارت پر کی گئی۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے اسی طرح ایک اور جارحیت میں جبالیا کیمپ کو نشانہ بنایا ہے کہ جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ’’ہسپتالوں کی جنگ‘‘ ہی غزہ کے خلاف صیہونی بربریت کی اصل حقیقت ہے، ہادی العامری

اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شہر جنین میں ڈرون سے حملہ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جن میں جنین بریگيڈ کے کمانڈر بھاء لحلوح بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب بعض موصولہ خبروں کے مطابق غاصب فوجیوں اور فلسطینی جیالوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطین اسکوائر اور السامر چوراہے کے اطراف میں لڑائی ہو رہی ہے۔ جارح صیہونی حکومت توپ خانے کے ذریعے جنون آمیز طریقے سے ان علاقوں پر بمباری کر رہی ہے۔

دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک ویڈیو کلپ نشر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کی فورسز نے بیت حانون میں ایک سرنگ کو کھولتے ہوئے بوبی ٹریپ کیا۔

ایک اسرائیلی فورس کو اس جگہ پر راغب کیا اور اسے دھماکہ سے اڑا دیا۔ اس کارروائی میں اسرائیلی فوج کے ایک افسر سمیت متعدد فوجی مارے گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button