اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

غزہ کے علاقے صابرہ میں اسرائیلی فوج کی مسجد پر بمباری، 50 افراد شہید

شیعیت نیوز: غزہ کے علاقے صابرہ میں قابض اسرائیلی فوج نے مسجد پر بھی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا نے خبر دی ہے کہ غاصب اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے صابرہ میں مسجد پر اس وقت بم باری کی جب مسجد میں نماز جاری تھی اور مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری قابض اسرائیلی حملوں میں 55 سے زائد مساجد مکمل طور پر شہید ہو چکی ہیں جبکہ 139 مساجد کو نقصانات پہنچے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوصائرت پناہ گزین کیمپ کے ملائیشین اسکول پر بھی اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔

واضح رہے کہ غاصب اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری کو 40 روز ہو چکے ہیں جس میں اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آئرلینڈ اور فلپائن، پارلیمنٹ اور امریکی سفارت خانے کے سامنے فلسطین کے حق میں مظاہرہ

دوسری جانب غزہ کے شفا ہسپتال کے سربراہ نے کہا ہے کہ غاصب صہیونی فورسز نے شفاء ہسپتال پر یلغار کیا اور اسلحے کے زور پر تلاشی لی لیکن مریضوں اور پناہ گزینوں کے علاوہ کوئی نہیں ملا۔

الجزیرہ نے کہا ہے کہ غزہ کے شفاء ہسپتال کے سربراہ محمد ابوسلمیہ نے غاصب صہیونی فورسز کی جانب سے ہسپتال پر چھاپے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ صہیونیوں نے ہسپتال پر حملے کے بعد طبی آلات کو نقصان پہنچایا ہے کیونکہ مریضوں اور پناہ گزینوں کے علاوہ کوئی نہیں ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی اہلکار ہسپتال سے نکل گئے ہیں تاہم اسرائیلی ٹینک اور فوجی ہسپتال کا محاصرہ کئے ہوئے اطراف میں موجود ہیں۔

ابوسلمیہ نے کہا کہ صہیونی فوجیوں نے ہسپتال کے عملے کو یرغمال بناکر پوچھ گچھ کی اور دو ملازمین کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

انہوں نے ہسپتال کی حالت زار کے بارے میں کہا کہ اس عملے اور مریضوں کے دینے کے لئے صرف ایک وقت کا کھانا موجود ہے۔ ہم بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کررہے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے اور صہیونی حکومت مسلسل ہسپتال پر بمباری کررہی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیل نے بمباری کرکے شفاء ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے بارے میں صہیونی دعوے کو پروپیگنڈا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاء ہسپتال پر حملہ جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button