مشرق وسطی

متحدہ عرب امارات اور اردن کی جانب سے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

شیعیت نیوز: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اردن کے شاہ عبدالله دوم نے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر شیخ محمد بن زاید النہیان اور شاہ عبدالله نے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور شاہ عبدالله نے غزہ میں بگڑتے ہوئے حالات پر تبادلہ خیال کیا اور خطہ میں خطرناک فوجی اضافہ روکنے کیلئے فوری بین الاقوامی کارروائی پر زور دیا۔

شیخ محمد اور شاہ عبدالله نے بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت شہریوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کا محاصرہ ختم  کرنے اورغزہ میں امداد کیلئے محفوظ اور پائیدار راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا۔

شیخ محمد اور شاہ عبدالله نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ تشدد کا نیا دور روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

شاہ عبداللّٰہ نے کہا کہ خطے میں استحکام و سلامتی کیلئے منصفانہ، جامع اور پائیدار سیاسی حل ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور حزب اللہ نے امریکہ کو الٹی میٹم دیا، تجزیہ نگار عطوان کا دعویٰ

دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اردن نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اسرائیل سے اپنے سفیر کو فوری واپس بلا لیا ہے۔

اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے اسرائیل سے اس کے سفیر کو اردن واپس نہ بھیجنے کا بھی کہا ہے، سفیروں کی واپسی اسرائیل کی غزہ میں جنگ روکنے سے مشروط ہے۔

اس سے قبل مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکہ کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کر دیئے۔

گذشتہ روز چلی اور کولمبیا نے اپنے سفیروں کو اسرائیل سے واپس بلا لیا تھا۔ اب بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 271 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 8796 ہوگئی ہے۔

مجموعی طور پر غزہ میں اب تک 2290 خواتین اور 3648 بچے شہید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button