جبالیا کیمپ پر غاصب اسرائیل کی بربریت اس کی جارحانہ ماہیت کی غماز ہے، حماس

شیعیت نیوز: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے جبالیا کیمپ پر جارح صیہونی حکومت کی بمباری کو اس غاصب حکومت کی جارحانہ فطرت کا مظہر قرار دیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک رہنما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ مزاحمت، میدان جنگ میں بھرپور طاقت و قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور یہی مسئلہ غاصب صیہونی حکومت کی بوکھلاہٹ کا سبب بنا ہے اور اس نے جبالیا کیمپ کے لوگوں کا قتل عام کیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرۃ کے مطابق جبالیا کیمپ پر جارح اسرائیل کی بمباری میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
القدرہ نے مزيد کہا کہ اس وحشیانہ حملے کے زخمیوں کو انڈونیشیا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور سینکڑوں افراد بدستور ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔
غزہ میں فلسطین کی وزارت داخلہ نے بھی جبالیا کیمپ پر حملے میں مرنے والوں کی ابتدائی تعداد چار سو بتائی تھی اور کہا تھا کہ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زيادہ تر عورتیں اور بچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہم فلسطین کے مقبوضہ علاقوں پر مزید حملے کرنے کو تیار ہیں، عبداللہ بن عامر
دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت نے غرب اردن میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ کے مکان کو دھماکے سے اڑا دیا۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے کل منگل کو غرب اردن کے علاقے رام اللہ کے قریب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری کے مکان کو، دھماکے سے اڑا دیا۔
اس سلسلے میں الجزیرہ ٹی وی چينل نے تصاویر بھی نشر کی ہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجی، مکان میں دھماکہ کرنے کے بعد علاقے سے پیچھے ہٹ گئے۔
صیہونی فوجیوں نے رام اللہ کے شمال مغرب میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ کے مکان کو دھماکے سے اڑانے کے بعد العارورہ میں شہید عبدالجواد حمدان صالح کے مکان کو بھی دھماکہ کر کے تباہ کر دیا۔
اس سے قبل صیہونی حکومت نے صیہونی سینٹرل فوج کے کمانڈر کو رام اللہ کے قریب واقع ان مکانات کو تباہ اور زمین و جائیداد قبضائے جانے کی ہدایات دی تھیں۔