اہم ترین خبریںمشرق وسطی
غزہ میں ناکافی امداد پہنچ گئی ،بجلی اور فیول کی فراہمی تاحال معطل

شیعت نیوز: اسرائیل کے سخت محاصرے کے شکار غزہ میں رفاہ بارڈر سے امدادی ٹرک داخل ہو گئے، ورلڈ فوڈ پروگرام نے امداد کو ناکافی قرار دیدیا۔
20 ٹرکوں پر مشتمل امداد مصر کے راستے غزہ میں داخل ہوئی جس میں ادویات اور خوراک شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے غزہ کی 23 لاکھ آبادی کیلئے اس امداد کو معمولی کہہ دیا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ کے مکین انتہائی مشکل میں ہیں،
علاقے میں نہ خوراک ہے نہ پانی، بچے گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ امدادی ٹرک لائف لائن ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں شہدا کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے
جبکہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیل ہسپتالوں اور سکولوں پر بھی مسلسل شدید بمباری کر رہا ہے جہاں گھروں سے نکل کر غزہ کے مسلمان پناہ لئے ہوئے ہیں۔