مشرق وسطی

قطر کی حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان قیدیوں کے فوری تبادلے کے لیے ثالثی

شیعیت نیوز: باخبر فلسطینی ذرائع نے خبر دی ہے کہ قطر حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان قیدیوں کے فوری تبادلے کے لیے ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی میڈیا نے بعض ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ قطر حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان قیدیوں کے فوری تبادلے کے لیے ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔

حماس تحریک کے ایک ذریعے نے چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ حماس نے قطر کو آگاہ کیا ہے کہ اسے قیدیوں کے تبادلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

اس ذریعے نے مزید کہا کہ حماس نے صیہونی حکومت کی جیلوں سے تمام فلسطینی خواتین قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مرجع جہاں تشیع حضرت آیت اللہ سید علی سیستانی نے تمام عالم اسلام سے مظلومین فلسطین کیلئے مدداور تعاون کی اپیل کردی

دوسری جانب عرب ممالک کی تنظیم عرب لیگ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد درپیش حالات کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کے روز ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یورو نیوز نے کہا ہے کہ عرب لیگ کے ترجمان نے فلسطینی مقاومتی تنظیموں کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے تیسرے دن فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بدھ کے روز قاہرہ میں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

عرب اتحاد کے نائب سیکریٹری حسام زکی نے کہا کہ مراکش کی سربراہی میں رکن ممالک کے سفارتی حلقے عرب دنیا اور بین الاقوامی سطح پر فلسطین کے خلاف صہیونی مظالم کو روکنے کے لیے تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں فلسطینی مزاحمتی فورسز نے صیہونی حکومت کے فلسطینی قیدیوں پر مظالم اور مسلمانوں کے قبلہ اول (مسجد الاقصیٰ) کے خلاف مسلسل جارحیت کے جواب میں غزہ کے اطراف سے ایک تباہ کن فوجی آپریشن انجام دیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں صیہونی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

تاہم صیہونی حکومت نے جواب میں ایک بار پھر غزہ میں شہری اہداف پر وحشیانہ حملے شروع کیے ہیں، اب تک سینکڑوں فلسطینی خواتین اور بچوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button