جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملہ، حزب اللہ کے چھے مجاہدین شہید

شیعیت نیوز: صہیونی فورسز نے غزہ کے بعد لبنان کی سرحدوں پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں لبنانی تنظیم حزب اللہ کے چھے مجاہدین شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق، لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غاصب صہیونی فورسز کی جانب سے جنوبی لبنان کے علاقوں پر حملے کے بعد تنظیم کے شہید ہونے والے مجاہدین کی تعداد چھے ہوگئی ہے۔
حزب اللہ لبنان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ دن پہلے بھی تین افراد حسام محمد ابراہیم، حیدر اور علی حسن شہید ہوگئے تھے۔
دوسری طرف حزب اللہ نے اپنے چھے مجاہدین کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دشمن کی اس جارحیت کا بدلہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : تباہ ہونے والے ہر گھر کے بدلے ایک اسرائیلی قیدی کو پھانسی دی جائے گی، مسلح ونگ القسام
اس سے پہلے خبر دی گئی تھی کہ ایک مسلح گروہ نے لبنان اور مقبوضہ علاقوں کی سرحد پر موجود حصار کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دینے کے بعد صہیونی مقبوضہ سرزمین میں داخل ہوا ہے۔
لبنان کی سرحد پر جھڑپوں کے نتیجے میں سوموار کی شام چھ اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیلی چینل 12 نے کہا کہ لبنانی سرحد پر جھڑپوں کے نتیجے میں 6 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اسی تناظر میں اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت‘‘ کا کہنا ہے کہ فوج نے جنوبی لبنان کے مغربی سیکٹر میں دراندازی کے علاقے میں حزب اللہ کے ایک ٹھکانے پر بمباری کی۔
لبنانی فوج نے بھی ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ صہیونی فورسز نے جنگی طیاروں اور توپ خانے کی مدد سے جنوبی لبنان کے سرحد پر واقع شہروں پر حملہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے جنگ کا دائرہ لبنان اور شام تک پھیلانے سے خبردار کیا تھا۔