علامہ مقصود علی ڈومکی کا ہفتہ وحدت کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ
شیعت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے ہفتہ وحدت بین المسلمین کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں اہل کتاب مسیحی اس دن عید مناتے ہیں جس دن ان کے لئے آسمان سے کھانا اترا اور ہم امت مسلمہ نعمت عظمی رسول رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پر جشن عید میلادالنبی مناتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ضلع خیرپور میرس میں مدرسہ امام علی علیہ السلام کنب کے زیر اہتمام سالانہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم و میلاد امام جعفر صادق علیہ السلام اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے میلاد ریلی اور جلسے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریلی میں کنب شہر کے وائس چیئرمین علاقے کے معززین اور شیعہ سنی مسلمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ریلی کے دوران کنب شہر کے مین چوک پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث سب آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اہل سنت ہمارے بھائی ہیں۔ ہم سب نے متحد ہو کر ان یزیدیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ جو کبھی شیعہ کو دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہیں تو کبھی سنی کو۔
انہوں نے کہا کہ مستونگ میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس پر حملہ بزدلانہ فعل ہے۔ شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث متحد ہوکر یزیدی دہشتگردوں کا مقابلہ کریں۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ہفتہ وحدت بین المسلمین کو سرکاری سطح پر مناتے ہوئے مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کام کرے۔ تقریب جشن سے علامہ سرفراز مہدی چانڈیو نے بھی خطاب کیا۔







