کراچی میں چار شیعہ نوجوان جبری لاپتہ
شیعت نیوز: کراچی میں شیعہ جوانوں کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا گیا ہے۔ نقاب پوش سکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں شہر کے مختلف اضلاع میں کاروائی کے نتیجے میں چار شیعہ جوان رات کی تاریکی میں گھروں سے اغواء کرلئے گئے۔ ذرائع کے مطابق شیعہ جوانوں کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ مختصر وقفے کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ گذشتہ رات کراچی کے علاقے ملیر، گلستان سوسائٹی اور گلستان جوہر سے چار شیعہ جوانوں کو ان کے گھروں سے جبری طور پر گمشدہ کردیا گیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق اغوا کرنے والے سیکورٹی اہلکار ویگو گاڑی میں سوار تھے اور پولیس موبائل بھی ہمراہ لائے تھے۔ اہلکاروں نے گھر میں موجود تمام افراد کے موبائل بھی چھین لئے، لیپ ٹاپ بھی چوری کیا اور ایک گھر سے نقدی بھی ہمراہ لے گئے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شیعہ جوانواں اور عمائدین کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ سالہاسال سے جاری ہے۔ اب تک درجنوں جوان جبری گمشدگیوں کا شکار کئے گئے جن میں متعدد مسلسل احتجاج اور جدوجہد کے نتیجے میں بازیاب بھی ہوئے مگر تاحال کئی درجن جوان ریاستی ظلم وجبر کا شکار ہیں جن کے اہل خانہ مسلسل ذہنی اذیت اور قرب میں میں مبتلا ہیں اور وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس سے اپنے پیاروں کی فوری باحفاظت واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔







