مشرق وسطی

مراکش میں زلزلے کی شدید لہر، 296 افراد ہلاک، مراکش حکام

شیعیت نیوز: مراکش کے حکام اور میڈیا نے خبر دی ہے کہ مراکش میں شدید زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

اسپوتنک نے بتایا ہے کہ مراکش کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی علاقوں میں 6.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 296 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بعض ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ اس زلزلے کی شدت مراکش کے شمال میں واقع شہر ’’رباط‘‘ سے اس ملک کے جنوب میں ’’سدی افنی‘‘ تک محسوس کی گئی۔

مراکش کی وزارت داخلہ کے مطابق 153 افراد مختلف زخموں سے زخمی ہوئے جنہیں ضروری ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : لبنان میں شامی مہاجرین کی نئی لہر کا ذمہ دار امریکہ ہے، لبنانی وزیر ہیکٹر حجار

مراکشی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق ’’الحوز، مراکش اور اوارزاریت‘‘ علاقوں سے ہے۔ سرکاری ذرائع اور سوشل میڈیا صارفین نے اس ملک میں آنے والے خوفناک زلزلے کے لمحے کی تصاویر شائع کیں۔

آج ہفتہ کی صبح، یورپی بحیرہ روم کے زلزلہ پیما مرکز نے اعلان کیا کہ جمعہ کو مراکش میں ریکٹر اسکیل پر 6.9 کی شدت کے ساتھ زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز مراکش سے 77 کلومیٹر جنوب مغرب میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، جہاں 839 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔

مراکش کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جیو فزکس نے ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7 ڈگری بتائی ہے۔ مراکشی ٹی وی نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ 7 ڈگری شدت کے زلزلے نے کئی علاقوں اور شہروں کو ہلا کر رکھ دیا اور نقصان پہنچایا۔

اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رباط، کاسابلانکا، مراکش، محمدیہ اور اگادیر کے رہائشیوں نے محسوس کیے ہیں۔

جرمن زلزلہ پیما مرکز نے بھی مراکش کے زلزلے کی خبر دی ہے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button