اہم ترین خبریںپاکستان

اسلام کی بنیاد توحید، اسی میں کامیابی ہے، آیت اللہ حافظ سید ریاض نجفی

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ تعریف صرف اللہ تعالیٰ کیلئے ہے۔ اسلام کی بنیاد توحید ہے اور اسی میں ہی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصول دین اصل میں تین ہیں۔ توحید، رسالت اور قیامت۔ عدل صفت ذات الٰہی ہے اور امامت نبوت کا ہی استمرار ہے۔ صلہ رحمی کی بڑی تاکید کی گئی ہے۔ قریبی رشتہ داروں، پڑوسیوں کا خیال رکھیں۔ اچھے مومن کا کام اپنے آپ کو گناہ سے بچانا ہے۔

آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا کہ گناہ کا بہترین علاج استغفار ہے۔ حقیقی معنوں میں استغفار تب ہوتی ہے۔ جب دوبارہ وہ گناہ انجام نہ دیا جائے، جس سے توبہ کی گئی ہو۔ جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا واقعہ کربلا سے بہت زیادہ تبدیلیاں واقع ہوئیں حتیٰ کہ یزید کے بیٹے نے بھی خلافت لینے سے انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : قرآن کریم کی بے حرمتی دراصل تمام ادیان و مذاہب کی توہین ہے، آیت اللہ احمد مبلغی

واقعہ کربلا کے بعد دین مبین کی ترویج کا سب سے زیادہ کام امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے دور میں ہوا۔ امام علی رضاؑ نے توحیدکی بہت زیادہ تبلیغ کی۔ یہودیوں، نصرانیوں اور دہریوں سے عقیدہ توحید پر مناظرے کیے۔ جبر و اختیار کا مسئلہ بھی آپ ہی کے دور میں حل ہوا۔

روایت ہے کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام نے امت مسلمہ کو چند باتوں پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ جب ایک دوسرے سے ملاقات کریں تو سلام کریں۔ ہمیشہ سچ بولیں۔ امانت میں کبھی خیانت نہ کریں، چاہے امانت والا آپ کے باپ کا قاتل ہی کیوں نہ ہو۔ زیادہ تر وقت حالت سکوت میں گزاریں۔ جس کام سے غرض نہیں، اس پر وقت ضائع نہ کریں۔ ایک دوسرے کی زیارت کرتے رہا کریں اور دوری اختیار نہ کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button