ضلع بنوں میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ، 9 سپاہی شہید، 5 سکیورٹی اہلکار زخمی
شیعیت نیوز: ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ کے نتیجے میں 9 سپاہی شہید اور 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو فوجی قافلے کے ساتھ ٹکرا دیا۔
شہداء میں نائب صوبیدار صنوبر علی بھی شامل ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کیا ہوا ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عراق: صوبۂ صلاح الدین میں متعد داعشی دہشت گرد ہلاک
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر گزشتہ روز ہوئے خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔
جاری کیے گئے ایک بیان میں صدرِ مملکت عارف علوی نے اس خود کش حملے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے افسوسناک سانحہ کے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔







