سعودی عرب

ایران کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے منتظر ہیں، سعودی مجلس شوری

شیعیت نیوز: سعودی مجلس شوری نے کہا ہے کہ سعودی عرب، مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر مبنی سعودی ایران تعلقات کے نئے دور کا منتظر ہے۔

تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی مجلس شوری کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایران کے ساتھ تعلقات کے بحال ہونے کا جائزہ لیا گیا۔

اس میٹنگ کے ایجنڈے میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفیروں کا تبادلہ بھی شامل تھا۔ کابینہ میں شامل وزراء نے اعلان کیا کہ وہ مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر ایران سے تعلقات کا نیا مرحلہ شروع ہونے کے مشتاق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شیخ نعیم قاسم نے اسرائیل کو پھر سے ناسور قرار دے دیا

اس اجلاس میں سعودی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے سفیروں کی تعیناتی اور ایران کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کے ایک نئے دور کے شروع ہونے کے موضوعات پر بات چیت کی۔

ایران سے تعلقات کی بحالی کا مسئلہ ایسے وقت سعودی کابینہ میں زیر بحث لایا گیا ہے جب کچھ ہی دن پہلے ایران کے وزیر خارجہ امیر حسین عبداللہیان سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک اعلی سطحی وفد بھی تھا اور انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایران دورے کی سرکاری طور پر دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان گزشتہ جمعرات کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ اپنے سعودی ہم منصب کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر گئے تھے جہاں پر انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے موضوعات کے علاوہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی گفتگو کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button