سعودی عرب نے مشہد میں قونصل خانہ باضابطہ طور پر فعال کر دیا
شیعیت نیوز: فارس نیوز سے گفتگو میں صوبہ خراسان رضوی میں وزارت خارجہ کے نمائندہ دفتر کے سربراہ نے مشہد مقدس میں سعودی عرب کے قونصلیٹ جنرل کے باضابطہ آغاز کی اطلاع دی ہے۔
فارس نیوز کے مطابق مشہد مقدس کے میثاق ہوٹل میں سعودی عرب کے قونصلیٹ جنرل کی سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔
سعودی قونصلیٹ کے حکام کے مطابق قونصل خانے کے اوقات کار جمعرات اور جمعہ کے علاوہ ہر روز صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہیں۔
اسی سلسلے میں صوبہ خراسان رضوی میں وزارت خارجہ کے نمائندہ دفتر کے سربراہ محمد بہشتی منفرد نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو میں مشہد مقدس میں سعودی عرب کے قونصلیٹ جنرل کی سرگرمیوں کے آغاز کی اطلاع دی اور کہا کہ سعودی عرب کے قونصلیٹ جنرل نے صوبہ خراسان رضوی میں وزارت خارجہ کے دفتر کو ایک سرکاری نوٹ کے ذریعے مشہد مقدس میں کام شروع کرنے کی اطلاع دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کا منتظر
رپورٹ کے مطابق مشہد شہر میں سعودی عرب کا قونصلیٹ جنرل عارضی طور پر مشہد کے میثاق ہوٹل میں کام کرے گا اور قونصلیٹ جنرل کی عمارت تیار ہونے کے بعد وہاں منتقل ہوجائے گا۔
اس سال اپریل میں سعودی عرب کے ایک وفد نے ایران کا دورہ کیا تھا۔ دونوں ممالک کے اپنے سفارت خانے کھولنے پر اتفاق رائے کے بعد ریاض میں ایران کا سفارت خانہ؛ جدہ میں قونصل خانہ اور اسلامی کانفرنس کی تنظیم میں ایران کے نمائندے کا دفتر باضابطہ طورپرفعال ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے پہلی بار فلسطین کیلئے اپنا سفیر مقرر کر دیا۔ نائف السدیری فلسطین میں سفیر کے فرائض سرانجام دیں گے۔
فلسطین الیوم کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق محمود عباس کے مشیر برائے سفارتی امور ماجدی الخالدی نے سعودی سفیر نائف السدیری کی اسناد وصول کیں۔
سفیر نائف السدیری نے اپنی سفارتی اسناد اردن میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں صدارتی مشیر ماجدی الخالدی کو پیش کیں۔







