اہم ترین خبریںپاکستان

سانحہ باجوڑ،دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،علامہ سید احمد اقبال رضوی

شیعیت نیوز: وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کے مسلسل ہونے والے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں، ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت سیکورٹی اداروں کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، دہشت گردی میں ملوث مجرموں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ ماہ سے دہشت گردی کی وحشیانہ کاروائیاں جاری ہیں، جس کی زد میں سینکڑوں پولیس اہلکاروں سمیت کئی معصوم افراد کی جانیں جا چکی ہیں، کے پی کے کی موجودہ حکومت نگران کم اور پی ڈی ایم کی زیادہ ہے، اس حکومتی ٹولے کی جانب سے دہشت کے خلاف کارکردگی صفر ہے، اقتدار کو طول دینے کی کوششوں میں حکمرانوں نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، آج تک کسی ایک دہشت گرد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا نہیں کیا گیا۔

 

علامہ احمد اقبال رضوی نے مزید کہاکہ ان دہشت گردوں کی نرسریوں کو سختی سے ختم کرنا ہوگا، محرم الحرام سے پہلے کرم پارہ چنار میں افغانستان سے بھاری ہتھیاروں سے حملے کیئے گئے، ان دل خراش اور جان لیوا واقعات پر موجودہ حکمرانوں میں سے کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، پشاور سمیت خیبر پختونخواہ کے کئی علاقوں میں کالعدم تنظیموں میں افراد شمولیت اختیار کر رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی کا عمل میں نہ لایا جانا افسوس ناک ہے، ہمیں اچھے یا برے دہشت گردوں کی بحث سے نکل کر ٹھوس اور واضح کاروائی کے ساتھ ان انسان دشمن درندوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button