اسرائیل اور لبنانی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ، لبنانی گشتی ٹیم پر حملہ

شیعیت نیوز: اسرائیل اور لبنان کے درمیان مشترکہ سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے، غاصب صہیونی فورسز نے لبنان کی گشتی ٹیم پر بموں سے حملہ کردیا۔
المیادین نے خبر دی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کی مشترکہ سرحد پر کشیدگی میں اضافہ اور جھڑپوں کے واقعات ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لبنانی فوج کی گشتی ٹیم کفر شوبا کی پہاڑیوں کا معاینہ کررہی تھی اچانک صہیونی فورسز نے دھواں نکالنے والے بموں سے حملہ کردیا جس سے دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
لبنانی گشتی ٹیم کے ہمراہ اقوام متحدہ کی امن فوج کے اراکین بھی تھے۔
لبنانی ٹیم علاقے کی نقشہ برادری کررہی تھی۔ یاد رہے کہ ان علاقوں میں گزشتہ دنوں صہیونی افواج نے جدید انجنیرنگ آلات کے ذریعے کچھ تبدیلیاں ایجاد کی ہیں۔
اس سے پہلے ہفتے کے دن بھی صہیونی فورسز نے جنوبی لبنان کی سرحدوں پر لبنانی صحافیوں کی ٹیم پر حملہ کیا تھا جس میں لبنانی پارلیمنٹ کا ایک رکن بھی بھی تھا۔ واقعے میں آنسو گیس کے گولے استعمال کئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات نے سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کر لیا
دوسری جانب سویڈن میں گستاخانہ عمل کے بعد حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے لبنان سمیت اسلامی ممالک سے سویڈن کے سفیروں کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اسپوٹنک نے کہا کہ لبنان میں متعین سویڈش سفیر نے قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف شدید ردعمل کے بعد بیروت چھوڑ دیا ہے۔
سویڈن میں گزشتہ ایک مہینے کے دوران قرآن مجید کی توہین کا واقعہ دوسری مرتبہ تکرار ہونے کے بعد مقاومتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے تین محرم الحرام کو بیروت میں خطاب کرتے ہوئے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ سویڈن کے سفیروں کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔
انہوں نے اسرائیلی ایجنسی موساد کو اس واقعے میں شریک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سویڈن کا بائیکاٹ ہی ان واقعات کی روک تھام کا بہترین ذریعہ ہے۔