فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیل کو طمانچہ رسید کر دیا، جنرل اسماعیل قاآنی

شیعیت نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے جنین کیمپ میں اپنی تمام افواج کو میدان میں اتارا لیکن فلسطینی نوجوانوں نے اسے طمانچہ رسید کر دیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تنازع کی بنیاد یہ ہے کہ ہم حقیقی سیدھے راستے پر چلنا چاہتے ہیں لیکن امریکہ چاہتا ہے کہ ہمیں اس راستے پر ڈالیں جس کو وہ بیان کرتا ہے۔
جنرل قاآنی کا کہنا ہے کہ انقلاب اسلامی کا فن یہ ہے کہ وہ صراط مستقیم کو پہچانتا ہے اور اس سمت میں قدم بڑھاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن، جنرل قاسم سلیمانی جیسی شخصیت کو برداشت نہیں کر سکتے، کیونکہ شہید سلیمانی کا سب سے بڑا ہتھیار ان کی منطق تھی، اس لیے استکبار اور امریکہ ہمیں راہ راست سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جنین پناہ گزین کیمپ پر حملے کے خلاف جنگ میں ایک صہیونی فوجی جہنم واصل
ان کا کہنا تھا کہ شہید سلیمانی نے سب کو سکھایا کہ اگر دشمن منطق پر عمل نہیں کرتا اور طاقت کے استعمال سے اپنی بات کو منوانا چاہتا ہے تو دشمن سے نمٹنے کا کیا طریقہ ہونا چاہئے۔
جنرل قاآنی نے تاکید کی کہ امریکیوں نے ان 20 برسوں میں خطے میں 7 ٹریلین ڈالر خرچ کئے لیکن نہ صرف انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا بلکہ وہ ہر روز کچھ نہ کچھ کھو رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ ہمیں اپنے دفاع کے بارے میں سوچنا چاہیے اور جتنا ہوسکے دوسروں کا دفاع کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے بچے آج جتنے طاقتور اور مضبوط ہیں اتنا پہلے کبھی نہیں تھے اور اس کے برعکس مجرم اسرائیلی آج جتنا کمزور ہے اتنا کبھی نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچوں نے اسلامی انقلاب سے عزت کے ساتھ جینے اور وقار کے ساتھ لڑنے کا طریقہ سیکھا۔