عرین الاسود کا مزاحمتی گروہوں کے ہمراہ مل کر صیہونیوں سے جنگ کےلئے آمادگی کا اعلان

شیعیت نیوز: فلسطینی مزاحمتی گروہ عرین الاسود نے صیہونی اسپیشل کمانڈوز کے ساتھ جھڑپ کے دوران فارس حشاس کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صیہونیوں کے ساتھ دوبدو لڑائی کےلئے آمادہ ہیں۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے جرأت و بہادری سے قابض فوجیوں کا مقابلہ کیا اور صیہونی فوجی تمام تر حقارت کے ساتھ بلاطہ کیمپ سے پسپائی پر مجبور ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی مجاہدوں نے دو روز قبل دستی بموں اور فائرنگ کرکے قابض صیہونیوں کے نابلس کے قدیمی علاقے میں ناپاک منصوبے کو ناکام بنایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق عرین الاسود نے تمام فلسطینی مزاحمتی گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں صیہونیوں سے دوبدو لڑائی کے لئے آمادہ ہو جائیں اور خدا کی ذات پر توکل کرتے ہوئے قدم اٹھائیں اور اس راہ میں ثابت قدم رہتے ہوئے کسی بھی طرح کے حالات میں نہ پیچھے ہٹیں اور نہ شکست قبول کریں۔
اس مزاحمتی گروہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مزاحمت کی ریل آگے کی جانب حرکت کی رہی ہے اور یہ کسی صورت رکنے والی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت متعصب پولیس افسران کو لگام دینے میں ناکام، شیعہ طلباء کےخلاف انتقامی کارروائیاں
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے تین روز قبل غزہ کی پٹی میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار خالد مصلح کے والد کو فون کیا اور ان کے بیٹے کی شہادت پر ان سے افسوس کا اظہار کیا۔
اسماعیل ھنیہ نےشہید پولیس اہلکار کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنا فرض نبھاتے ہوئے جان کی قربانی پیش کی ہے۔ اس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
ہنیہ نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان کے صبر اور اس کی قومی ذمہ داری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعےکی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کے روز غزہ کی پٹی میں ڈیوٹی کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا ہے۔