مغرب کو شام سے متعلق پالیسی کا سرے سے جائزہ لینا چاہیئے، زہرہ ارشادی

01 جون, 2023 15:11

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مستقل مندوب زہرہ ارشادی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امید ہے کہ مغربی ممالک جلد ہی شام کے بارے میں اپنی پالیسی کا سرے سے جائزہ لیں گے اور اس کی اصلاح کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق، مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال ’’شام‘‘ کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زہرہ ارشادی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مغربی ممالک جلد ہی خطے میں استحکام، امن وامان اور خوشحالی کی بحالی کی خاطر شام کے حوالے سے اپنی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لیں گے اور اس میں اصلاح کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود، شام میں انسانی صورت حال بدستور چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے اور شام کے انسانی امداد کیلئے مختص فنڈنگ کی موجودہ سطح ضرورت سے بہت کم ہے۔ فنڈز کی یہ شدید کمی اقوام متحدہ کی ضرورت مندوں کو مناسب امداد فراہم کرنے کی صلاحیت میں شدید رکاوٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خدا کیلئے مجھے اس جہنم سے نکالو، امریکہ میں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی

انہوں نے کہا کہ شام پر یکطرفہ پابندیوں کا تسلسل سے نفاذ اس ملک کی انسانی اور اقتصادی صورت حال کی بہتری میں ایک اہم رکاوٹ ہے۔ ان غیر قانونی اقدامات اور پابندیوں نے شامی عوام کو درپیش چیلنجوں کو مزید بڑھا دیا ہے اور شامی حکومت کی ضرورت مندوں کو اہم خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کو شدید متاثر کیا ہے اور پناہ گزینوں اور جنگ کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی میں بھی تاخیر ہو رہی ہے۔

زہرہ ارشادی نے مزید کہا کہ شام میں انسانی اور اقتصادی بحران کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کیلئے، ایک جامع نقطۂ نظر کا ہونا بہت ضروری ہے اور اس نقطۂ نظر میں کئی کلیدی عناصر جیسے کافی فنڈنگ کا حصول، امداد کی غیر جانبدارانہ تقسیم کو یقینی بنانا اور یکطرفہ پابندیوں کو ہٹانا شامل ہونا چاہیئے، کیونکہ اس طرح کا نقطۂ نظر نہ صرف جانوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، بلکہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی، آبادیوں کی تعمیر نو اور شام کی معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے۔

9:19 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top