ایران

جدہ، مکہ اور مدینہ میں ایرانی قونصلر سیکشن فعال

شیعیت نیوز: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اعلان کیا ہے کہ حجاز کے 3 بڑے شہروں؛ جدہ، مکہ مکرمہ و مدینہ النبی(ص) ایرانی وزارت خارجہ کا قونصلیاتی شعبہ فعال ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دارالحکومت تہران میں محکمہ حج و زیارت اور ایرانی وزارت خارجہ کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے سال کے دوران بیت اللہ الحرام کے زائرین سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

حج و زیارت کے امور کے لئے ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین سید عبدالفتاح نواب، سربراہ ادارہ حج و زیارت سید عباس حسینی، وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور ادارے کے سینئر منیجرز کی موجودگی میں منعقد ہونے والی اس نشست میں شرکاء نے زائرین بیت اللہ الحرام کی رجسٹریشن و روانگی کی صورت حال پر تبادلہ خیال اور اٹھائے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں مزید 2 مجرموں کے سر قلم کردیئے گئے

نشست سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام سید عبدالفتاح نواب نے ایران و سعودی عرب کے درمیان موجودہ تعلقات اور حج کے ایام میں حجاج کرام کے امور پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ حسین امیر عبداللہیان نے ’’اسلامی یکجہتی و اتحاد کی علامت‘‘ کے طور پر سالانہ حج کے لئے ایرانی عازمین کی روانگی میں سہولت فراہم کرنے کے خاطر وزارت خارجہ کی کوششوں پر تاکید کی۔

اس موقع پر نشست کے ساتھ گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کی قونصلیاتی ٹیم؛ ایرانی حجاج کرام اور زائرین حرمین شریفین کی سہولت کے لئے اپنی تمام سہولیات کو بروئے کار لائے ہوئے ہے جبکہ وزارت خارجہ کا قونصلر سیکشن بھی اسی مقصد کے لئے جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ النبی(ص) میں موجود و فعال ہے۔

اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سعودی حکام کی مدد سے امسال حج مزید پرامن اور زیادہ شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button