مشرق وسطی

سلطان ہیثم کے دورۂ ایران سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، بدر بن حمد البوسعیدی

شیعیت نیوز: عمانی وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی تعلقات میں ایک نئے مثبت مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے، سلطان ہیثم کے دورۂ تہران سے خطے اور دنیا پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق عمان کے سلطان ہیثم بن طارق ایک اعلیٰ وفد کی سربراہی میں ایران کا دورہ کر رہے ہیں جس میں دفاع، خارجہ امور، معیشت اور سرمایہ کاری کے وزراء شامل ہیں۔

بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا کہ عمان اور ایران کے درمیان باہمی احترام کے مضبوط اصولوں پر مبنی تاریخی اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں اور یہ دورہ دونوں ملکوں کی قیادتوں کی جانب سے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون اور مشاورت کو اہمیت دینے کے لئے ہے۔

بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ تاریخی دورہ خطے کے استحکام، سلامتی اور خطے کے پڑوسیوں کے درمیان تعلقات پر مثبت اثر ڈالے گا۔

واضح رہے کہ یہ دورہ ایک اہم موڑ پر ہو رہا ہے، جن میں سب سے اہم موڑ حالیہ عرب لیگ میں شام کی رکنیت کی بحالی اور مارچ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار امریکہ ہے، اٹلانٹک کونسل

دوسری جانب عمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق آل سعید اپنا دورہ تہران مکمل کرکے آج مسقط کے لئے روانہ ہوگئے۔

ہیثم بن طارق نے اپنے دورے کے دوسرے دن رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی اور اس کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے تہران ایئرپورٹ پر انہیں اور ان کے ہمراہ وفد کو رخصت کیا۔

قابل ذکر ہے کہ عمان کے سلطان، اپنے ایران کے دورے کے موقع پر ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کی سربراہی کر رہے تھے۔

اس موقع پر اقتصاد، سرمایہ کاری، توانائی اور فری زون کے سلسلے میں تعاون کے مشترکہ دستاویزات اور سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے بھی اس موقع پر اعلان کیا کہ تہران اور مسقط کے مابین جامع اسٹریٹیجک تعاون کے معاہدے کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button