جدہ میں سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز میں معاہدہ

شیعیت نیوز: سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے مابین سعودی عرب میں جاری مذاکرات کے بعد دونوں قریقوں نے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز ایک ابتدائی معاہدے پر پہنچ گئیں، اس معاہدے کے مطابق سوڈان میں متحارب فریقیوں نے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی حملے سے باز رہنے اور تمام شہریوں کو تنازعات اور محاصرہ شدہ علاقوں سے نکلنے کی اجازت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز نے انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے اور شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے سوڈان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اتحاد پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں فرانسیسی آئرش سکیورٹی قیدی برنارڈ فیلان کو انسانی بنیادوں پر رہا کر دیا گیا
واضح رہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف علاقوں میں عبدالفتاح البرہان کے زیر کمان فوج اور محمد حمدان دقلو کے زیر کمان پیرا ملٹری فورس کے درمیان گزشتہ ہفتوں کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک و زخمی اور بے گھر ہوئے۔
دوسری جانب سوڈان میں ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سوڈان میں دونوں متحارب فریقوں کے درمیان جھڑپوں کے آغاز سے لے کر اب تک کم از کم چھے سو افراد مارے جا چکے ہیں جن میں سے تقریبا ایک سو عام شہری تھے۔ اس کے علاوہ ڈھائی ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پورے سوڈان میں انسانی حالات سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں اور لوگوں کو ایندھن اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے یونیسیف نے بھی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ہر سات گھنٹے میں ایک سوڈانی بچہ ہلاک یا زخمی ہو رہا ہے۔