حلب میں اسرائیلی فوج کا حملہ، ایک فوجی شہید ، سات زخمی

شیعیت نیوز: اسرائیلی جنگی طیاروں نے حلب کے نواحی علاقے میں میزائل حملہ کیا ہے جس سے ایک فوجی شہید اور 7 دوسرے زخمی ہو گئے ہیں۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور شام کی وزارت دفاع کے کارخانوں پر میزائل حملے کئے ہیں جس سے حلب کے ہوائی اڈہ کا رن وے غیر قابل استعمال ہو گیا۔
شامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ایک فوجی شہید اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : جارحین نے یمن کی نیشنل انڈسٹری کو نابود کر کے رکھ دیا، مہدی المشاط
دوسری جانب شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد اپنے سعودی، اردنی، مصری اور عراقی ہم منصبوں کے ساتھ 5 فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے اردن کے دارالحکومت امان پہنچے۔
امان میں شامی ناظم الامور عصام نیال اور دیگر سفارتی عملے نے ائیرپورٹ پر فیصل المقداد کا استقبال کیا۔
اردن کی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ یہ اجلاس، جدہ میں سعودی عرب کی میزبانی میں 14 اپریل کو خلیج فارس کونسل کے رکن ممالک، اردن، مصر اور عراق کی مشاورتی نشست کا تسلسل ہے۔
شام کے داخلی بحران اور خانہ جنگی کے 12 سال بعد عرب اتحاد کے ممالک شام سے اپنے روابط بحال کر رہے ہیں۔ تاہم امریکہ اب بھی شام کے ساتھ دوسرے ممالک کے تعلقات کی بحالی پر اپنی مخالفت کا اظہار کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ جدہ میں 14 اپریل کو ہونے والا اجلاس عرب لیگ میں شام کی واپسی پر مشاورت کے لئے بلایا گیا تھا۔ جس میں 9 ممالک کے نمائندے شریک ہوئے تھے۔ یہ اجلاس مشترکہ اعلامیے کے جاری ہونے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔
اس اجلاس کا اختتامی بیان 15 اپریل کو جاری ہوا، جس میں کہا گیا تھا کہ اردن، مصر، عراق اور خلیج فارس تعاون تنظیم کے رکن ممالک شامی سرزمین کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔ نیز عرب دنیا میں شام کی واپسی کے خواہاں ہیں۔