حزب اللہِ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کی وزیر خارجہ ایران سے ملاقات

شیعیت نیوز: ایران کے وزیر خارجہ نے جو اپنے سرکاری دورے پر ان دنوں لبنان میں ہیں، لبنانی حکام سے ملاقات کے بعد حزب اللہِ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اپنے لبنانی ہم منصب کی دعوت پر بیروت کے دورے پر ہیں۔
انہوں نے لبنانی حکام سے ملاقات کے بعد اپنے وفد کے ہمراہ استقامتی تنظیم حزب اللہِ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ سے بھی ملاقات کی۔
المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں علاقے کی تازہ صورت حال، ایران و سعودی عرب کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کو لے کر ہوئے معاہدے اور خطے پر اس کے اثرات اور ساتھ ہی لبنان اور فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر فریقین نے تبادلۂ خیال کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ نے لبنان کے عبوری وزیر اعظم نجیب میقاتی، اسپیکر نبیہ بری اور وزیر خارجہ عبد اللہ بوحبیب سے ملاقات اور گفتگو کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خواتین کے موضوع پر طالبان کے خلاف قرارداد منظور
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ اور تحریک اسلامی جہاد فلسطین کے سیکریٹری جنرل کے درمیان بیروت میں ملاقات ہوئی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورت حال، صہیونی فورسز کے جارحانہ حملوں اور فلسطینی عوام کی مزاحمت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقات کے دوران زیاد النخالہ نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت زوال کی جانب گامزن ہے اور جلد سقوط کرجائے گی۔
اس موقع پر مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایران کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ جس طرح فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی ممالک کا اتحاد ضروری ہے اسی طرح فلسطینی جماعتوں کو بھی آپس میں متحد ہوکر غاصب صہیونیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
اسلامی جہاد فلسطین کے رہنما نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطینی مقاومت مضبوط ترین پوزیشن میں ہے۔