سوڈان : 3 روزہ جنگ بندی کے دوران بھی مختلف مقامات پر جھڑپیں جاری

شیعیت نیوز: سوڈان کی فوج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے 72 گھنٹے کیلئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
الجزیرہ نے سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورس کے مابین جنگ بندی پر عمل درآمد کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان کی فوج نے جنگ بندی پر عمل در آمد کو پیرا ملٹری فورسز کی جانب سےکارروائی روکنے سے مشروط کیا تھا۔
عید الفطر کے موقع پر بھی 18 گھنٹے کی جنگ بندی کا اعلان ہوا تھا تاہم اس پر عمل در آمد نہیں ہوا۔
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف علاقوں میں عبدالفتاح البرہان کے زیر کمان فوج اور محمد حمدان دقلو کے زیر کمان پیرا ملٹری فورس کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں : سلامتی کونسل کی خاموشی اور جوابدہی کے فقدان نے اسرائیل کو مزید گستاخ بنا دیا، ایروانی
سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں 3 روزہ جنگ بندی کے دوران بھی مختلف مقامات پر جاری رہیں۔
خرطوم میں اقوامِ متحدہ کے نمائندے والکر پرتھیس نے کہا ہے کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے رہنمائوں سے بات چیت کی، فریقین کے سنجیدگی سے بات چیت کے لئے تیار ہونے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق 50 سے زائد ممالک کے 1700 شہریوں کو لے کر بحری جہاز سعودی عرب پہنچ گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوڈان سے شہریوں کو نکالنے کے لئے برطانوی فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ قبرص پہنچ گیا۔
سوڈان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان میں جاری جھڑپوں میں ہلاکتوں میں تیز رفتار اضافہ ہو رہا ہے اور مرنے والوں کی تعداد چار سو ستائیس تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔